ملتان ؛ خواتین میں پولی سسٹک اوورین سنڈروم کے حوالے سے گاہی واک کا انعقاد

39

ملتان،05 اکتوبر (اے پی پی ): شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام خواتین میں پولی سسٹک اوورین سنڈروم کے حوالے سے ایک گاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد اور چیئرپرسن شعبہ امراض نسواں پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کی۔

 نشتر ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہونے والی یہ واک نشتر ٹاور پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔واک میں پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر، پروفیسر ڈاکٹر زہرا نازش گائنی یونٹس کے سربراہان اور سینئر کنسلٹنٹس سمیت پوسٹ گریجوایٹ سٹوڈنٹس، ہاؤس آفیسرز اور نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اس سنڈروم کی علامات، وجوہات اور علاج معالجے کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔

 بعد ازاں نشتر ہسپتال آڈیٹوریم میں پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے اس سنڈروم پر ایک مفصل لیکچر دیا اور شرکاء کے سوالوں کے جوابات دینے۔انہوں نے بتایا کہ پولی سسٹک اوورین سنڈروم خواتین میں ہارمون کے عدم توازن اور اس کے نتیجے میں  بےقاعدہ ماہواری، چہرے اور جسم غیر ضروری بال، جلد پر دانے، وزن کا بڑھنا اور بانجھ پن جیسی علامات کا مجموعہ ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ  غیر صحت مندانہ طرز زندگی اور جنک فوڈ کا استعمال لڑکیوں میں اس کی بڑی وجہ ہے۔

وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے پیغام میں صحت مند طرز زندگی، وزن میں کمی اور ورزش جیسی عادات اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس واک کے آرگنائزرز اور پروفیسر مہناز خاکوانی کی زیرنگرانی شعبہ امراض نسواں میں صحت مند سرگرمیوں کی تعریف کی۔

 دریں اثنا وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے بیبی فرینڈلی ہسپتال انیشی ایٹو کے حوالے سے جاری ٹریننگ ورکشاپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔