ملتان، 17اکتوبر (اے پی پی ): سپیشل اسسٹنٹ محکمہ اوقاف و مذہبی امور برائے وزیر اعلیٰ پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے دربار حضرت بہاءالدین زکریاؒ و دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ ملتان کا دورہ کیا اور مزارات پر جاری شدہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر متعلقہ شعبہ انجینئرنگ ملتان کو ہدایات جاری کیں کہ مذکورہ کام اپنے مقررہ مدت کے اندر ہرصورت مکمل کیا جائے۔
دوران گفتگو سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ اولیاءاللہ کے مزارات پر آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کےلئے باقاعدہ ایک جامع پلان مرتب کیا جا رہا ہے جس کے تحت مزارات و مساجد سے متعلقہ جملہ امور کو مزید بہتر انداز میں عوام الناس کے سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے ایڈمنسٹریٹر اوقاف ملتان ضیاءالمصطفیٰ کے دفتر میں منعقدہ میٹنگ میں مینجران اوقاف ملتان زون خالد محمود، سید ایاز الحسن گیلانی، محمد احسن اویسی اور وقاص منصور سے ان کے مسائل دریافت کئے اور یقین دہانی کرائی کہ میجران اوقاف کو بااختیار کرنے کے ساتھ سات دیگر مسائل بھی ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔