ملتان ؛ موٹروے کے اطراف میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر کسان کو پچاس ہزار روپے جرمانہ

4

 

ملتان، یکم اکتوبر (اے پی پی):  انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایات پر ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید کی ہدایت پر سیکٹرکمانڈر عاطف علی چوہدری کے حکم پر موٹروے ایم فور سیکٹر میں لوکیشن  33 چاہ ریڈاں والہ کے مقامی زمیندار نے مونجی کی فصل کی باقیات کو موٹروے کے اطراف میں آگ لگائی، آگ لگانے کیوجہ سے دھواں اٹھنا شروع ہوا جس کی وجہ سے موٹروے  پر چلنے والی ٹریفک کیلئے حد نگاہ متاثر ہونے پر سیکٹر کمانڈر عاطف علی چوہدری کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر توسیع زراعت نے مبلغ پچاس ہزار جرمانہ عائدکیا ۔

واضح رہے کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے موٹروے کے اطراف کے زمینداروں کو متعدد بار فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگانے کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔

بیٹ کمانڈر محمد حسن بھٹی کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی طرف سے  قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے شہریوں کو حد نگاہ کم ہونے کیوجہ سے کسی بھی پریشانی سے بچانے اور مفادعامہ کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا گیا، مسافروں کو جانی اور مالی نقصان سے بچانا موٹر وے پولیس کا طرہ امتیاز ہے ۔