ملتان ؛ مختلف علاقوں میں ڈینگی کے مریض سامنے آنے پر ریڈ الرٹ جاری،خصوصی انتظامات کی ہدایت

27

ملتان، یکم اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں ڈینگی کے مریض سامنے آنے پر ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، اس سلسلے میں ضلع بھر میں ڈینگی لاورے کی تلفی کے  اقدامات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر پراپرٹی مالک پر مقدمہ درج اور گرفتار کرنے کی ہدایت کی ۔

ڈینگی کے خلاف اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر کی صدارت میں ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے کہا کہ ٹرینوں اور بسوں میں خصوصی ڈینگی سپرے اور لاروا تلفی مہم کا بھی آغاز کردیا گیا ہے اب ڈینگی کیس سامنے آنے پر محکمہ صحت کے متعلقہ فیلڈ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔

رضوان نذیر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر آفس میں خصوصی ڈینگی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جبکہ بوسن ٹاؤن کو ڈینگی کیسز سامنے آنے پر حساس قرار دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام قبرستانوں اور حساس مقامات پر ڈینگی سپرے کا آغاز کردیا گیا ہے، شہری اپنے اردگرد کا ماحول خشک اور صاف رکھ کر ضلعی انتظامیہ کی ڈینگی کے خلاف مہم میں اپنا کردار ادا کریں۔