ملتان،08 اکتوبر (اے پی پی ):نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سپورٹس گالا کی رنگارنگ تقریبات اختتام پذیر ہو گئیں۔ اختتامی تقریب میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور جیتنے والے طلباء وطالبات اور ٹیموں میں انعامات اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔
سپورٹس گالا میں بیڈ منٹن، کرکٹ، ہاکی، ٹیبل ٹینس، رسہ کشی، چاٹی ریس، کبڈی سمیت دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوئے جن میں طلباء وطالبات نے بھرپور حصہ لیا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کسی بھی صحت مند معاشرے میں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہیں ۔
طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سر گرمیوں سے ذہنی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی، ڈائریکٹر سپورٹس اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کا ان صحت مندانہ سرگرمیوں میں معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
نشتر سپورٹس گراؤنڈ میں منعقدہ تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر محمد عباس نقوی سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکت کی۔











