ملتان، 18 اکتوبر (اے پی پی): تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن غلام صغیر شاہد کے ہمراہ نشتر ٹو اور زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہسپتال کا دورہ کیا۔
اس موقع پر دونوں افسران نے آئی ڈی پیز اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور تمام منصوبوں میں اعلیٰ معیار کو قائم رکھتے ہوئے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
نشتر ٹو کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال نشتر ٹو کی تعمیر مکمل کرلی جائے گی اور نشتر ٹو پر تقریباً 9 ارب روپے لاگت آئے گی جس کے پہلے فیز میں 500 بیڈز پر مشتمل ہسپتال میں ڈاکٹروں ،نرسوں کے رہائشی بلاک سمیت کیفیٹیریا اور سرائے بھی شامل ہو گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مدد اینڈ چائلڈ سنٹر 200 بستروں پر مشتمل ہو گا، جس کی تعمیر پر تقریباً 4 ارب کی لاگت آئے گی اور اس ہسپتال میں خواتین کی زچگی، پیچیدہ امراض کے علاج کے ساتھ ساتھ بچوں کے علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔











