لاہور،17اکتوبر ( اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں اکنامک ڈویلپمنٹ سٹریٹجی،ریجنل سٹریٹجی اوردیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لاہورکے ماسٹر پلان 2050 کے پلان کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا اوورسیزپاکستانیوں کی سہولت کے لئے اہم اقدام اوورسیز پاکستانی ایک ہی دن میں ایل ڈی اے سے پلاٹ خرید سکیں گے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ایل ڈی اے ہاؤسنگ سکیموں میں اوورسیزپاکستانیوں کیلئے ون ونڈو آپریشن کی منظوری دے دی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ایک ہی دن میں پلاٹ ٹرانسفرکی سہولت دی جائے گی بیرون ملک سے آنے والے پاکستانی بھائیوں کی سرمایہ کاری کو محفوظ بنارہے ہیں۔اوورسیزپاکستانیوں کے معاملے میں کوئی سرخ فیتہ حائل نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے شاہدرہ پلان کو جلد ازجلد قابل عمل بنانے اور تعمیرات کا آغاز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آزادی چوک میں موٹر سائیکل سواروں کیلئے بائیکرز اورہیڈبرج بنایا جائے گا اکبر چوک کوسگنل فری کرنے کیلئے فلائی ا ووراورانڈرپاس تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ایل ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشن2019میں ترامیم کی منظوری دی گئی ۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور ماسٹر پلان2050کے تحت بڑھتی ہوئی آبادی کی رہائشی ضروریات کو مدنظر رکھاجائے گا۔ لاہور میں آبادی کا دباؤ کم کرنے کیلئے مضافات میں رہنے والوں کو شہر کے برابر سہولتیں دی جائیں گی،بفرزون قائم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر شجر کاری کی جائے گی۔پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گامواصلاتی رابطے بہتر بنانے کیلئے انٹرچینج اورفلائی اوور تعمیر کیے جائیں گے چیئرمین شیخ امتیاز محمود، ارکان صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، ملک مختار احمد، محمد عاطف، عامر ریاض قریشی،طارق ثناء باجوہ، متعلقہ سیکرٹریز، ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے ارکان، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسااور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











