نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور ٹوٹل پارکو لیمیٹڈ کی جانب سے مشترکہ شجر کاری مہم کا آغاز

52

ملتان،07 اکتوبر(اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر -1 ایم فائیو اور ٹوٹل پارکو لیمیٹڈ کا شجر کاری مہم کے لیے اجتماعی اقدام،شجرکاری مہم میں موٹروے کے مختلف مقامات پر تین ہزار پھلوں کے پودے لگائے جائینگے

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور ٹوٹل پارکو لیمیٹڈ کی جانب سے سیکٹر-1 ایم فائیو بیٹ 23 میں مشترکہ شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا محمد اخلاق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر کلیم اللہ، کرنل طارق فرید, این ایچ اے جنرل مینیجر ایم فائیو نسیم عارف، ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے ایم فائیو شفیق، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے سابقہ چئیرمن اعجاز جنجوعہ اور ٹوٹل پارکو لیمیٹڈ کی جانب سے حسن نصر اللہ، نوید تنویر، سبین ضیاء خالد اور دیگر عہدیداران کے علاوہ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل اور ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی، موٹروے پولیس کے افسران و ملازمین ،ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز نے شرکت کی۔  ڈپٹی انسپکٹر جنرل شاہد جاوید اور تمام عہدیداران نے شجرکاری مہم کا آغاز  بیٹ نمبر 23 میں مل کر پودا  لگا کرکیا۔

اس موقع پر سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ موٹروے سیکٹر ایم فائیو پر پلانٹیشن ڈرائیو کا آغاز پھل دار درخت لگا کرکر رہے ہیں ، انشاءاللہ سیکٹر ایم فائیو کے تمام آفس اور انٹرچینج پر تین ہزار پھلدار پودے لگانے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جن کو مزید بڑھایا جائے گا تاکہ موٹروے ایم فائیو کو سر سبز و شاداب بنایا جا سکے۔

ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے ہیں کیونکہ درخت ماحول دوست ہوتے ہیںاور پودے ہمیں آکسیجن اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ پرندوں کے لیے سایہ دار گھونسلے بھی فراہم کرتے ہیں اس کے علاوہ گرمی کی شدت کو بھی کم کرتے ہیں۔

ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی نے کہا کہ ہمارا منشور یہی ہے کہ پودا لگانا ہے درخت بنا کر پاکستان کو سرسبز بنانا ہے۔

 ریسکیو 1122 کی جانب سے اپ گریڈ ریسکیو وہیکل اور واٹر ریسکیو وین بارے بریفنگ دی گئی ۔جس میں ریسکیو 1122 کے پاس موجود جدید آلات بارے بھی بتایا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے بتایا کہ جدید آلات کی مدد سے کسی بھی حادثے یا سانحے پر با آسانی قابو پایا جا سکے گا۔