لاہور،30اکتوبر( اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے آج سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ (سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی اور وقت کی بچت ہوگی،سی بی ڈی بلیوارڈ پرتقریباً4ارب20کر وڑ روپے لاگت آئے گی اوریہ منصوبہ لاہور ہی نہیں بلکہ پنجاب اور پاکستان بھر میں اپنی مثال آپ ہوگا،سی بی ڈ ی پنجاب بلیوارڈ منصوبے سے ملکی اورغیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ری ماڈلنگ آف مین بلیوارڈ لبرٹی چوک تا کلمہ چوک کو”سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ”کانام دیاگیاہے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ،کلمہ چوک تا لبرٹی کی ری ماڈلنگ(سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ) کے منصوبے کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری سے متعلقہ امور میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا،وزیراعلیٰ آفس میں سی بی ڈی میں سرمایہ کاری کے امورکو فاسٹ ٹریک پر چلانے کیلئے علیحدہ سیل بنایا جائیگا،ہماری حکومت پنجاب میں جتنے منصوبے شروع کررہی ہے، اس کا فائدہ عوام کو پہنچے گا،نیت نیک اورٹیم درست ہواورہوم ورک کیا ہو تو بہترین کارکردگی سامنے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے آتے ہی جو کام شروع کیے اب ان کے نتائج آنا شروع ہوچکے ہیں،میں نے اپنے سابق دور میں نمبر پلیٹس کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کا پروگرام شروع کیا، اب پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے “گو پنجاب ایپ”شروع کی ہے اوراس ایپ کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے خدمات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ملازمتوں پر سے پابندی کو اٹھا لیا ہے،ملازمتوں کی بھرتی کے اشتہارات آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 5نئے ضلع بنائے ہیں، لاہورکے بھی تین نئے ضلع بنارہے ہیں،لاہور کے نئے ضلع میں قصور کا کچھ حصہ بھی شامل کیا جارہا ہے اوراسے موٹر وے سے بھی لنک کرینگے،موٹروے قصورسے ہوکرپاکپتن،اوکاڑہ اوربہاولنگر تک جائے گا،بہاولنگر سے یہ سڑک بہاولپوراوررحیم یار خان کو ملائے گی اورپھر اس کے ساتھ سندھ کو لنک کیا جائیگا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کریں۔ہم نے لاہور میں بلیو لائن کامنصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلیو لائن ٹرین ماڈل ٹاؤن،گارڈن ٹاؤن سے چلے گی۔بلیو لائن کو داتا صاحب سے پرانے ایئرپورٹ تک لے کرجائیں گے اور یہ منصوبہ لاہور کیلئے ایک سنگ میل ہوگا۔
رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد اکرم عثمان،چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین، بریگیڈئرریٹائرڈ منصورجنجوعہ،وائس چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈفضیل آصف،کمشنر لاہورڈویژن،سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی ایل ڈی اے،ڈپٹی کمشنرلاہور اورمتعلقہ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔











