اسلام آباد،19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ۔ جس کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں چین کی مسلسل شمولیت کو سراہا۔ سی پیک کے تحت چینی منصوبوں نے 2014 میں اور اب بھی جب پاکستان کی توانائی کی ضروریات بہت زیادہ ہو چکی ہیں، اہم کردار ادا کیا ،اس ضمن میں بجلی کے چینی منصوبے پاکستان کے بجلی کے شعبہ کے لئے باعث فخر ہیں ، حکومت پاکستان معاہدوں کی پاسداری اورسی پیک منصوبوں کو تیز کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کا مستقبل کاتوانائی کا منظر نامہ مقامی اور قابل تجدید ذرائع کے گرد گھومے گا۔ تھر کول منصوبہ پاکستان کی مستقبل کی توانائی کی ضروریات کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے پاکستان چینی دوستوں کا شکر گزار ہے۔
چینی سفیر نے سی پیک کے حوالے سے موجودہ حکومت کے عزم کو سراہا اورکہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا آئندہ دورہ چین بہت کامیاب ہو گا۔











