پاکستان میں ترکیہ کے سفیر اور ترکیہ کی فلاحی تنظیم (تیکا )کے کنٹری ڈائریکٹر کا ایف ۔9 میں قائم تھیلیسیمیا سنٹر اور سلائی کڑھائی سنٹر کا دورہ

3

اسلام آباد۔11اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پیکاسی اور  ترکیہ کی فلاحی تنظیم (تیکا )کے کنٹری ڈائریکٹر محسن بلسی نے ایف۔9 میں قائم تھیلیسیمیا سنٹر،پاکستان بیت المال اور ترکیہ کی فلاحی تنظیم کے باہمی اشتراک سے قائم سلائی کڑھائی کے یونٹ کا دورہ کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے معزز مہمانوں کو جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔تھیلیسیمیا سنٹر کے دورے کے موقع پر ترکیہ کے سفیر نے زیر علاج بچوں کو فراہم کردہ طبی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے پاکستان بیت المال کی خدمات کو سراہا۔ معزز سفیر نے زیر علاج مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی اور تحائف  تقسیم کئے۔ بعد ازاں وہ سلائی کڑھائی کے یونٹ بھی گئے اور پاکستان بیت المال کے ویمن ایمپاورمنٹ سنٹر کی تیار کردہ مصنوعات کا معائنہ کیا۔ ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے ترکیہ کے سفیر کو بتایا کہ پاکستان بیت المال کے زیر انتظام ملک بھر میں قائم 161ویمن ایمپاورمنٹ سنٹرخواتین کو بااختیار اورباوقار زندگی گزارنے کے قابل بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے ملک کے محروم طبقات کی بہتری کے لئے ترکیہ کی فلاحی تنظیم کی طرف سے پاکستان بیت المال کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہا ر کیا کہ آنے والے دنوں میں دونوں ادارے سماجی تحفظ کے میدان میں تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔