پولیس مقابلہ میں شہید سب انسپکٹر سرور اکرم کی میت عارفوالہ پہنچا دی گئی

4

عارف والا،11 اکتوبر (اے پی پی ): پولیس مقابلہ میں شہید پولیس کے سب انسپکٹر سرور اکرم کی میت عارفوالا کے نواحی قصبہ قبولہ میں پہنچا دی گئی، پاکپتن سے عارف والا تک  شہید کی میت کا جگہ جگہ پھولوں کی پتیوں سے پولیس اور عوام  نے شاندار استقبال کیا اور پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے ۔

ڈاکوؤں سے مقابلہ میں پنجاب پولیس کا سب انسپکٹر گولیوں کی زد میں آکر جام شہادت نوش کرگیا تھا،۔ شہید کا تعلق تحصیل عارفوالا قصبہ قبولہ کے محلہ پیر حضوری سے تھا، شہید کی میت ایمبولنس میں پولیس کی  گاڑیوں کے ساتھ لائی گئی،  راستے میں جگہ جگہ شہید کی میت پہ پولیس اور عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور  کیں اور پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے۔

 تھانہ رنگ شاہ کے قریب ایس ایچ او رائے خضر حیات، تھانہ صدر کے باہر ایس ایچ او چوہدری وقاص اور قبولہ چوک میں ایس ایچ او سٹی زمان رشید کی زیر قیادت شہید کے قافلے کا شاندار استقبال کیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ آج رات 8 بجے  بعداز نماز عشاء ہاکی گراؤنڈ قبولہ میں ادا کی جائے گی۔ شہید کی میت گھر پہنچنے پر ہر آنکھ اشکبار تھی ۔