لاہور4اکتوبر(اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے اور اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کی جس میں اشیاء خورونوش بالخصو ص سبزیوں، آٹا،گھی، اوردالوں کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، انتظامی افسران اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے محکمہ داخلہ کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیاء کی مقررہ سے زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں، پرائس کنٹرول اقدامات کے حوالے سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز اضلاع میں سبزی منڈیوں کے دورے کریں اورقیمتوں کیساتھ ساتھ اشیاء کی طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔ سیکرٹری صنعت ڈاکٹرا حمدجاوید قاضی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ میں گندم اور چینی کے وافر سٹاک موجود ہیں، گھی کی قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آٹے اور گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں اورایک ماہ کے دوران سمگل کی جانیوالی 19ہزار ٹن گندم کو ڈی جی خان میں قبضے میں لیا گیا۔ زراعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔











