لاہور،31اکتوبر (اے پی پی):پنجاب حکومت نے ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم شہیدکے واقعے کی وجوہات جاننے کے لئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیٹی میں متعلقہ محکموں کے افسر شامل ہونگے اور وہ اپنی رپورٹ جلد پیش کرے گی۔
اس بات کا فیصلہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے لا اینڈ آرڈر (ایس سی سی ایل او) کے سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ نے راولپنڈی سے بذریعہ ویڈیو لنک صدارت کی۔چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل، آئی جی پولیس فیصل شاہکار اور متعلقہ افسران بھی شریک ہوئے۔
کابینہ کمیٹی نے چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کی شہادت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور شرکا نے مرحومہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے پہلے ہی امدادی پیکیج کا اعلان کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے اس واقعے پر مثبت کردار ادا کیا جو قابل تعریف ہے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ انہیں صدف نعیم شہید کے واقعے پر دلی افسوس ہوا۔ حکومت پنجاب سوگوار فیملی کے ساتھ رابطے میں ہے، کمیٹی کا نوٹیفکیشن جلد کر دیا جائے گا۔
کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔











