چنیوٹ، 25 اکتوبر( اے پی پی): ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان کی زیر نگرانی ہاکی اسٹیڈیم چنیوٹ میں ریسکیو محافظوں پر مشتمل (CERT) کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں کے درمیان انٹرا ڈسٹرکٹ مقابلہ جات کروائے گئے جس میں ضلع چنیوٹ کی تینوں تحصیلوں کی ٹیموں نے حصہ لیا مقابلوں میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متاثرہ افراد کی درجہ بندی کے ساتھ ابتدائی طبی امداد فراہم کرنا، پانی میں ڈوبنے والوں کا بچاؤ، عمارتوں کے منہدم ہونے کی صورت میں متاثرہ افراد کی تلاش اور آگ لگنے کی صورت میں فائر فائٹنگ کے ساتھ ساتھ بکٹ برگیڈ جیسی مہارتوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر میڈم طاہرہ خان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم جو کہ اب ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ لاہور میں ہونے والے چھٹے نیشنل کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیم چیلنج میں شرکت کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیونٹی لیول پر ٹیموں کی فعالیت سے حادثات سے بچاؤ اور لوگوں میں احساس تحفظ اجاگر ہوگا۔











