لاہور،18اکتوبر(اے پی پی): ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے کہا ہے کہ ڈینگی اور سموگ کے مسئلوں کا تعلق براہ راست لوگوں کی صحت سے ہے، اس اہم معاملے پر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں منعقد کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ڈینگی اور سموگ کی روک تھام کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب کے انسداد ڈینگی اقدامات کو قابل تقلید قرار دیا جاتا ہے، فیلڈ افسرن ڈینگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے گوجرانولہ میں ڈینگی سٹاف کی بھرتی کے عمل کو تیز کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ فصلوں کی باقیات اور کوڑا کرکٹ جلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سموگ صرف چند بڑے شہروں تک محدود نہیں،صوبہ کے تمام اضلاع میں سموگ کی روک تھام پر یکساں توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کا باعث بننے والے گردوغبار سے بچنے کیلئے سڑکوں پر چھڑکاؤ کا انتظام کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے دھواں چھوڑنے والی نجی اور سرکاری گاڑیوں کیخلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم بھی دیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اب تک 11245کنفرم ڈینگی کیسز اور 13اموات رپورٹ ہو چکی ہیں،گوجرانوالہ اور ملتان میں ڈینگی مریضوں میں اضافہ سامنے آرہا ہے۔محکمہ تحفظ ماحولیات کے حکام نے بتایا کہ سموگ کی مانیٹرنگ کیلئے سینٹرل کنٹرول روم نے کام کا آغاز کر دیا ہے اور فصلوں کی باقیات جلانے کیخلاف کارروائی کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو سیٹلائیٹ تصاویر کی مدد سے علاقوں کی معلومات فراہم کی جا رہی ہے۔ ایئر کوالٹی کی جانچ کے لئے لاہور میں مختلف مقامات پر آٹھ نئے مانیٹر نصب کئے گئے ہیں۔
اجلاس میں صحت،تحفظ ماحولیات اورٹرانسپورٹ کے محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔











