تھرپارکر ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حفیظ احمد سیال نے ڈیپلو ٹاؤن کمیٹی پہنچ کر عوام کے مسائل جاننے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں محکمہ تعلیم، صحت، روڈز، محکمہ جنگلات، لائیو سٹاک، پولیس، ریونیو، سماجی بہبود ، محکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈیپلو کے شہریوں کی کھلی کچہری میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے نظام کا مستقل حل، ڈیپلو شہر کے بائی پاس روڈ اور ہائی سکول ڈیپلو میں تعمیر ہونے والے غیر معیاری میٹریل کے استعمال کو روکنا، تعلقہ ہسپتال ڈیپلو میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی، ہسپتال ڈیپلو میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے، غیر قانونی قبضوں کی روک تھام، فصل کی قیمتیں مقرر کرنے، ڈیپلو شہر کا سروے، صفائی ستھرائی، نکاسی آب کے نظام، مچھر مار سپرے اور چوری کے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے شکایات درج کی گئیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر حفیظ احمد سیال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے، ان مسائل کے حل کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا۔











