کوئٹہ؛ میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام میلادالنبیﷺ ریلی، فضا ء لبیک یارسول اللہﷺ کے نعروں سے گونج اٹھی

42

کوئٹہ،07اکتوبر (اے پی پی): میلاد کمیٹی کے صدرنعیم احمد مدنی اورعلماء اہلسنت کی قیادت میں میلاد النبی ﷺ عظیم الشان ریلی آج نکالی گئی جس میں ہزاروں غلامان رسولﷺ نے بھرپور شرکت کی۔ریلی ڈی ایس آفس ریلوے اسٹیشن امداد چوک سے ہوتے ہوئے منان چوک اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر فضاء نعرہ تکبیر ورسالتﷺ، آمد مصطفی مرحبا مرحبا، لبیک یارسول اللہﷺ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ راستے میں جگہ جگہ شاندار استقبال کیا گےا اور پھول پتیاں نچھاور کی گئیں۔

میلاد النبی ﷺریلی سے امیرجماعت اہلسنت حبیب اللہ چشتی،مفتی صدیق القادری،مفتی محمدجان،منیراحمد عطاری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محبت رسولﷺ کے بغیر ایمان بھی مکمل نہیں ہوتا۔ آپﷺ کے یوم ولادت پر تشکر اور خوشی کا اظہار کرنے کےلئے عاشقان رسول دنیا بھر میں اپنی محبتوں کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ ہادی کائنات، رحمة للعالمین اور خالق کائنات کی سب سے بڑی نعمت ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ کو انبےا و مرسلین کا امام بنایا۔ آپﷺ کی آمد سے دنیا میں عظیم انقلاب رونما ہوا اور آپﷺ کے نور سے کائنات منور ہوگئی۔ آخر میں امت مسلمہ اور خاص طور پر وطن عزیز پاکستان کی خیر وسلامتی کےلئے اجتماعی دعا کی گئی۔