گذشتہ سال افسوسناک سانحہ برفباری جیسے واقعات کو روکنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں، اسسٹنٹ کمشنر مری

28

مری،28 اکتوبر(اے پی پی ): اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف نے کہا کہ گذشتہ سال افسوسناک سانحہ برفباری جیسے واقعات کو روکنے کیلئے مری انتظامیہ بھرپور اقدامات کررہی ہے،برف کی شاہراہوں سے فوری صفائی،نمک کے چھڑکاؤ اورسیاحوں کوخوشگوارماحول فراہم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار نوتعینات اسسٹنٹ کمشنر مری صاحبزادہ یوسف نے مری پریس کلب،مری الیکٹرانک میڈیا اورمری یونین آف جنرنلسٹ کے عہدیداروں اوراراکین سے اپنے دفتر میں تعارفی ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

 اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف نے کہا کہ ملکہ کوہسار مری وطن عزیز کااہم ترین اوربین الاقوامی اہمیت کا سیاحتی ہل سٹیشن ہے، اس کو ہردور میں اہمیت حاصل رہی ہے، اس اہمیت کو برقرار رکھنے کے تمام محکموں کو ذمہ داری کیساتھ اپناکام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک اوربیرون ممالک سے آنیوالے سیاح مہمانوں کو بہترین سہولیات اورسکیورٹی فراہم کرنے کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے، مری کی معیشت کا مکمل دارومدار سیاحت پر ہے یہاں کے سٹیک ہولڈرز کی طرف سے ایک مثبت پیغام ملک اوردنیا بھر میں جاناچاہیے تاکہ یہاں کی سیاحت کوفروغ مل سکے۔

  اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف نے کہا کہ مری میڈیا کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے علاقہ،سیاحوں اورمقامی لوگوں کے مسائل کو اجاگر کرنے میں انکا کردار قابل ستائش ہے ۔