گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گلوبل ڈگنٹی تنظیم کے وفد کی ملاقات

6

لاہور،26 اکتوبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گلوبل ڈگنٹی تنظیم کی صدر جیوانا منگریلی  نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ جیوانا منگریلی کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی نوجوانوں اور خواتین کے ترقیاتی منصوبوں پر مشیر بھی ہیں۔ وفد میں ویمن انٹرپرینئرز اور  ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس ایریکا شے ، زو ایلڈرفر اور پاکستانی یوتھ کلائمٹ لیڈر قیصر نواب بھی شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے کینیڈا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں  نے وفد کو گورنر ہاوس کی تاریخ کے بارے میں آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے بتایا کہ بدھا باول 1895 سے گورنر ہاوس لاہور میں اپنی اصلی حالت میں موجود ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پاکستانی عوام میں اسلاموفوبیا کے خلاف موقف اور انسان  دوستی کی وجہ سے بہت مقبول ہیں،  کینیڈین وزیر اعظم جسٹن  ٹروڈو دنیا بھر میں اسلاموفوبیا کے خلاف ایک موثر آواز ہیں۔  انہوں  نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے آل ویمن یونیورسٹیز اور آل ویمن چیمبرز بنائے گئے ہیں، پاکستانی خواتین کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں آگے آرہی ہیں۔

محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ  بطور چانسلر یونیورسٹیوں میں 7 شعبوں میں کنسورشیم بنائے ہیں۔ جن میں سے ایک ویمن ایمپاورمنٹ ہے۔

   جیوانا منگریلی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل ڈگنیٹی  دنیا بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ٹریننگ اور ورکشاپس منعقد کرتی ہے۔انہوں نےکہا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے ،میڈیا اور انٹرنیٹ کے زریعے پاکستان کا جو تاثر ملا تھا یہاں آ کر اس کے برعکس پایا۔

جیوانا منگریلی نے کہا کہ پاکستان کے سافٹ امیج کو سیاحت کے ذریعے فروغ دیا جا سکتا ہے، واپس جا کر دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان ایک پرامن اور سیاحتی اعتبار سے بہترین ملک ہے۔