ہمیں نوجوان نسل کو منشیات جیسے گھناؤنے اور جان لیوا نشہ سے محفوظ بنانا ہے ؛ ڈی ایس پی خالد اسلم جٹھول

19

نوشہرہ ورکاں، 07 اکتوبر(اے پی پی): ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں خالد اسلم جٹھول نے کہا ہے کہ منشیات معاشرے میں پھیلا ہوا وہ ناسور ہے جو ہماری نسلوں کی بربادی کا زریعہ بن چکا ہے  اور ہمیں خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات جیسے گھناؤنے اور جان لیوا نشہ سے محفوظ بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈی ایس پی سرکل نوشہرہ ورکاں خالد اسلم جٹھول نے مقامی پرائیویٹ سکول کے طلباء اور طالبات سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں  نے   کہا کہ ہمیں  معاشرے کا ذمہ دار فرد بن کر منشیات جیسی لعنت کو پھیلانے والوں پر نظر رکھ کر پولیس کا دست بازو بننا ہوگا۔

تقریب کے آرگنائزر سر  میاں منظور احمد اور دیگر سٹاف نے مہمانوں کی آمد پر  شاندار استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ پروگرام کی صدارت کے لیے  وائس چیئرمین پریس کلب رجسٹرڈ نوشہرہ ورکاں شیخ منیر احمد آزاد کو مدعو کیا گیا تھا اور میونسپل کمیٹی کے سپریڈنٹ میاں رضوان احمد اور سیکرٹری اطلاعات پریس کلب محمد یسین نزیر نے بھی شرکت کی۔