انسدادڈینگی کے لئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے؛ ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ

18

اوکاڑہ،18نومبر(اےپی پی):  قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ نے کہا ہے کہ سرکاری سطح پر کی جانے والی کاوشیں عوامی حمایت اور تعاون سے ہی ثمر آور ہو سکتی ہیں، ڈینگی ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ہر شہری ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سید اعجاز علی شاہ نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع میں ہاٹ سپاٹس کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور سر ویلینس کی ذمہ داریوں کے لئے متعین ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کر رہی ہیں۔

قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ نے کہا کہ گھروں ، محلوں اور اپنے علاقہ کو صاف ستھرا اور خشک رکھنے میں لوگوں کا تعاون کامیابی کی کلید ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی کے لئے کاوشیں اور سرویلینس کا کام بہترین ہے، سرکاری محکمے مزید احتیاط اور نگرانی کو اپنا شعار بنائیں ۔

 قائم مقام ڈپٹی کمشنر ظہیرلیاقت بیگ نے محکمہ بلڈنگ ،پبلک ہیلتھ اور بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے زیر انتظام عمارتوں میں صفائی ستھرائی ،سیو ریج لائنوں کی مرمت اور واٹر سپلائی کے انتظامات کو بہترین حالت میں رکھیں نل اور واٹر سپلائی پاءپوں کی لیکیج کسی جگہ سے نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے افسران کو ہدائیت کی کہ وہ انسداد ڈینگی میٹنگ میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سربراہان سمیت میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساؤتھ سٹی اوکاڑہ ڈاکٹر ذوالفقار حیدرجام، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ممتاز،سی ڈی سی آفیسر اصغر علی اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔