رینالہ خورد،18نومبر(اےپی پی): وکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ سائیکالوجی نے ذہنی صحت کی آگہی کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع اوکاڑہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر اختر بلوچ اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال کے شعبہ سائیکاٹری کے انچارج ڈاکٹر کامران نے بطور مہمان اسپیکرز شرکت کی۔
سیمینار کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی جب کہ شعبہ سائیکالوجی کی سربراہ عائشہ جبار اس کی چیف آرگنائزر تھیں۔
سیمینار کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے اسپیکرز نے ذہنی صحت کی مختلف معاشرتی، معاشی، جذباتی اور سیاسی وجوہات اور پہلوؤں پہ بات کی اور پاکستان کی نوجوان نسل میں پائے جانے والے ذہنی صحت کے مسائل کو ختم کرنے کے حوالے سے اپنی آراء کااظہار کیا۔
اس موقع پر طلباء نے پوسٹرز، ڈرامہ اور ڈاکومینٹری کے ذریعے ذہنی صحت کے چیدہ پہلوؤں کو اجاگر کیا،اس حوالے سے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے اور سیمینار کے اختتام پہ کیمپس میں واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔











