اوکاڑہ: تھانہ صدر کی حدود ابرہیم کالونی میں کچرے کے ڈھیرپر بوری میں بند نومولود زندہ بچے کومحنت کش شخص نے اپنی کفالت میں لے لیا

36

اوکاڑہ،28نومبر(اے پی پی): جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ضرب المثل کے عین مطابق تھانہ صدر اوکاڑہ کے علاقے میں ابراہیم کالونی میں چند راہ گیروں کو ایک بوری ملی جس میں نومولود زندہ بچے کو بغیرکپڑوں کے بند کرکےکوڑے کے ڈھیر پرکسی نامعلوم نے پھینک دیاتھا۔مقامی مسجد کے امام اور اہل علاقہ بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں مسجد میں لے گئے۔

سردی کی وجہ سے نومولود بچے کا جسم بری طرح سے نیلا پڑ گیا تھا۔بچے کو نیم مردہ حالت میں فوری طور پر ایک چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر کے پاس لیجایا گیا ڈاکٹر کی فوری طبی امداد سے بچے کی حالت بہتر ہوگئی۔ دریں اثناءمقامی رہائشی محنت کش ظفر اقبال نامی شخص نے بچے کو فوری طور پر اپنی کفالت میں لینے کا اعلان کیا۔اطلاع ملنے پرمقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو ظفر اقبال کی کفالت میں دیا۔ ظفر اقبال نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس بچے کو میری کفالت میں رکھا جائے۔