بہاولنگر،18 نومبر(اے پی پی ): بہاولنگر کے علاقہ منڈی مدرسہ میں قیمتی بیتل نسل کی مکھی چینی بکریوں کے منفرد مقابلہ حسن فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے 550 سے زائد بکریاں شامل ہوئیں، نایاب قیمتی نسل کی خوبصورت اور صحت مند بکریوں نے ڈھول کی تھاپ پر واک ٹریک پر اپنے حسن کے جلوے بکھیرے تو شائقین داد دیے بنا نہ رہ سکے۔
فیسٹیول میں 6 فٹ لمبی 100 کلو سے زائد وزنی خوبصورت مستانی چال والی لیلی نامی بکری اپنے حسن و جسامت سے تمام حریفوں کو پچھاڑ کر مقابلہ حسن فیسٹیول کی فاتح قرار پائی۔
آخر میں پوزیشنز حاصل کرنے والی بکریوں کے مالکان کو خصوصی انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد بہاولنگر ضلع کی انٹرنیشنل شہرت یافتہ مکھی چینی نسل کی بکری کو پرموٹ کرنا ہے تاکہ اس کی افزائش میں اضافہ ہو سکے۔











