اوکاڑہ،02نومبر(اے پی پی ):سیکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال رابعہ اختر نے کہا ہے کہ ساہیوال بورڈ نے طلباء کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کر رکھی ہیں اور امتحانی عملے کو انکا معاوضہ دوسرے بورڈز کی نسبت زیادہ دیاجاتا ہے، طلباء کیلئے آن لائن داخلے کی سہولیات میسر ہے جس سے طلباء کا داخلہ بروقت ہوگا طلباء کو بروقت رولنمبر سلپس کا اجراء ہو سکے گا۔
ان خیالات کا اظہارانھوں نے کنٹرولر امتحانات رانا نوید عظمت کی موجودگی میں مرکزی سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین نوراحمدنوری،پروفیسرحامدیاسین،پروفیسر مظہرالامین سے میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔میڈم رابعہ اختر نے کہا کہ سائنس طلباء کے پریکٹیکل کیلئے بہترین سائنسی سامان والے اداروں کو سنٹر بنایا جاتا ہے، پیپر مارکنگ ، پیپرسیٹنگ اور امتحانی عملہ کیلئے تجربہ کاراساتذہ تعینات کیے جاتے ہیں جبکہ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں کسی بھی ملازم کامسئلہ پہلی فرصت میں حل کروں۔
سیکریٹری ساہیوال تعلیمی بورڈ رابعہ اختر نے مزید کہا کہ صاف اورشفاف امتحانات کروانا ہمارا اولین فرض ہے، مارکنگ سنٹرز میں تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں، مارکنگ معیاری بنانے کے لیے سب ایگزمینراپنے مضمون کا سپیشلسٹ اور مناسب تجربہ کار ہونا ضروری ہے، بورڈ جملہ سٹاف اور طلباء کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں اور شکایات کی صورت میں فوری ازالہ کیا جاتا ہے، بورڈ کے امتحانات میں ڈیوٹی کرنے والے عملے کو ان کے معاوضے کے چیک جلد موصول ہو جائیں گے۔











