لاہور،2 نومبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی چودھری پرویز الٰہی نے فنانشل مینجمنٹ ایکٹ سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے، سرکاری اخراجات کے شفاف استعمال اور گڈ گورننس کیلئے فنانشل مینجمنٹ انتہائی ضروری ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کے ذریعے محکموں کے مالی امور کو مزید شفاف بنایا جائے گا،اخراجات اور وصولیوں میں توازن سے معاشی امور میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کی مالی پرفارمنس کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے گی، ہر تین ماہ بعد فنانشل مینجمنٹ اور مالی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ محکموں کے مالیاتی امور کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اصلاحات کی جائیں گی، مالی بے ضابطگی پر سرکاری محکموں کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
سیکرٹری خزانہ نے فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کے اہم خد و خال کے بارے میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی۔اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، سیکرٹری خزانہ اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔











