رحیم یار خان،14نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی کی زیرِ صدارت ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں انسداد سموگ کے حوالہ سے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات عامر رحمانی نے تمام محکموں کی مجموعی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر سلمان خان لودھی نے کہا کہ دفعہ 144 کے تحت فصلوں کی باقیات، کوڑا کرکٹ جلانے پر پابندی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں، صنعتوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے ، سیکریٹری آر ٹی اے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ٹریفک پولیس اور موٹر وہیکل آلودگی کا باعث بننے والی وہیکلز کے خلاف کارروائیاں میں تیزی لائیں جبکہ ڈی او انڈسٹریز اور ماحولیات تمام محکموں کی ہفتہ وار رپورٹ شیئر کریں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمے انسپکشن بڑھائیں مہینے میں ایک بار ہر بھٹہ لازمی چیک کریں اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی تحصیلوں میں بھٹوں کو لازمی چیک کریں۔
اجلاس میں سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ریاست علی ، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور اسسٹنٹ کمشنر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔