رینالہ خورد:”فیشریز میں کاروبار کے مواقع”،اوکاڑہ یونیورسٹی میں سیمینار

6

رینالہ خورد،14نومبر(اےپی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ فیشریز اینڈ ایکواکلچر نے “پاکستان کے فیشریز سیکٹر میں نوجوانوں کےلیے کاروبار کے مواقع” کے موضوع پہ ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔یہ سیمینار اس شعبہ کی طرف سے منائے جانے والے “فیشریز ویک 2022” کی افتتاحی تقریب بھی تھی۔سیمینار میں فیشریز ڈیویلپمنٹ بورڈ اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ ڈاکٹر امداد اللہ سالار نے بطور مہمان اسپیکر شرکت کی۔ انہوں نے شرکاء سے بات کرتے ہوئے اس شعبہ میں کاروبار کے جدید طریقہ ہائے کار کی وضاحت کی۔

 سیمینار کی صدارت اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی ، انہوں نےلوکل فش ڈائیورسٹی کے زوال پہ بات کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کی جانب سے قائم کردہ فیشریز ریسرچ کمپلیکس پاکستان میں باہر سے آنے والی مچھلیوں کی مختلف اقسام کی بائیولوجی پہ تحقیق کرے گا انہوں نے مزید کہا کہ باہر سے لائی جانی والے مچھلیوں کو پاکستان کے آبی ماحول میں شامل کرنے کے حوالے سے ایک جامع پالیسی تشکیل دی جانی بے حد ضروری ہے۔ مزید برآں مچھلیوں کےلیے کمرشل بنیادوں پہ ویکسین بنانے کی بھی ضرورت ہے۔ اس مقصد کےلیے ہمارا کمپلیکس پاکستان کی فشریز انڈسٹری کے ساتھ تعاون کو بڑھائے گا۔

وائس چانسلر نے اوکاڑہ یونیورسٹی کے طلباء کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ فشریز انڈسٹری کو درپیش مسائل کو سمجھنے کےلیے سردیوں کی چھٹیوں میں کمرشل فش پاونڈز کے دورے کریں۔

سیمینار کے اختتام پہ پروفیسر واجد نے مہمان اسپیکر کو شیلڈ پیش کی۔ نیوٹریشن کے حوالے سے ایک آگہی واک بھی کی گئی۔