اوکاڑہ،03نومبر(اے پ پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سموگ کا خاتمہ جہاں سرکاری اداروں کی ذمہ داری ہے وہیں پر شہریوں کا ذمہ دارانہ رویہ معاملہ کی بہتری کے لئے ازحد ضروری ہے، کاشتکاروں کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو جلانا جہاں قانوناً جرم ہے وہیں پر بحثیت مجموعی طور پر ہماری غیر سنجیدگی اورغیر ذمہ دارانہ رویہ کا ظاہر کرنا ہےجوکسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں کادورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ میونسپل کمیٹیاں شہروں میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنے افسران کو متحرک کریں، کاشتکارفصلوں کی باقیات کو زمین میں ملائیں جبکہ شہروں میں کوڑا کرکٹ کو محفوظ انداز میں تلف کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہروں میں کوڑا کرکٹ کو محفوظ انداز میں تلف کیا جائے تاکہ سموگ کے خطرات کو کم سے کم سطح پر رکھنے کی کاوشیں ثمر آور ہوسکیں۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ہدایت کی کہ ضلع میں بھٹہ جات زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر فنکشنل نہیں ہونے چاہیے، اس سلسلہ میں ڈی او لیبر اور ڈی او ماحولیات ذاتی طور پر اقدامات کریں۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع راوَ ریاض انجم نے بتایا کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والے زمینداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جا رہے ہیں اور انہیں جرمانہ بھی کی جا رہا ہے، گذشتہ روز 13 لوگوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کے سلسلہ میں استغاثہ جات مختلف تھانہ جات میں درج کروا دیئے گئے ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور ڈاکٹر رانا اورنگزیب ،سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مہار اختر حسین،ڈی ای ماحولیات ،ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال ،ڈی او لیبر سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے











