شہر کی ہر یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے، محمدفاروق ڈوگر

12

 

ملتان،01نومبر(اے پی پی): سی ای اوملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے شہر کی ہر یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لئے کمپنی میں ورکرز کی کمی کے پیش نظر سپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل42 کا دورہ کرنے کے دوران کیا۔۔منیجر آپریشنز انوارالحق اور ڈپٹی منیجر بلال بھٹہ بھی انکے ہمراہ تھے۔محمد فاروق ڈوگر نے بھٹہ کالونی،ارم کالونی، محسن ٹاون اور  صدیقہ آباد میں صفائی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے گفتگو بھی کی۔

ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نےیونین کونسل42 میں گرینڈ صفائی آپریشن کے ذریعے تمام کوڑا کرکٹ، کچرا اور ملبہ سمیٹ دیاہے۔صفائی آپریشن میں سپیشل صفائی اسکواڈ نے حصہ لیا۔ورکرز کو ڈمپر، لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی مدد بھی حاصل تھی۔

 سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی میں 500 نئے ورکرز بھرتی کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے اور یہ ورکرز میرٹ پربھرتی کئے جائیں گے۔انہوں نے واضح طور پر کہا کہ صرف وہ امیداور بھرتی کئے جائیں گے جو جھاڑو دے سکیں گے جبکہ سفید پوش امیدواروں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کمپنی میں ورکرز کی تعداد کو 3 ہزار تک بڑھایا جائے گا۔

محمدفاروق ڈوگر نے امید ظاہر کی کہ کمپنی میں نئی مشینری اور ورک فورس آنے سے خوبصورتی اور صفائی کے حوالے سے شہر کا رُخ بدل جائے گا۔