علامہ اقبال کے یوم پیدائش پرپاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی مختصر دستاویزی ویڈیو جاری

6

کراچی,9نومبر  (اے پی پی):پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ایک مختصر دستاویزی ویڈیو کا اجرا کیا ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ویڈیو میں شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ اقبال کی شاعری میں فکر و خیال کی گہرائی ملتی ہے، تخلیق ارض پاک انہیں کی فکری کاوشوں سے سرانجام پائی ہے۔نوجوان نسل کو شاہین کا خطاب  دے کر اقبال جہاں اس میں رفعت خیال، جذبہ عمل، وسعت نظری اور جرات رندانہ پیدا کرنا چاہتے تھے وہاں اس کے جذبہ تجسس کی بھرپور تکمیل بھی چاہتے تھے۔ شاہین جو پرندوں کی دنیا کا درویش ہے، اپنی خودی پہچانتا ہے، تجسس اس کی فطرت اور جھپٹنا اس کی عادت ہے۔ وہ فضائے بسیط کا واحد حکمران ہے جو فضائوں اور بلندیوں سے محبت کرتا ہے۔ دستاویزی فلم میں اس عہد کی تجدید کی گئی ہے کہ پاک فضائیہ کا ہر شاہین مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار رہے اور ضرورت پڑنے پر کسی بھی قربانی سے گریز نہ کرے۔