عمران خان انڈیا اور اسرائیل کے ایجنڈے پر چل کر ملک و فوج کو کمزور کرنے کے درپے ہیں، معاون خصوصی سردار سلیم حیدر خان

17

اٹک۔ 14 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا طرز سیاست ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے ،عمران خان انڈیا اور اسرائیل کے ایجنڈے پر چل کر ملک و فوج کو کمزور کرنے کے درپے ہیں اور جو کام دشمن ممالک نہیں کر سکے وہ عمران خان کررہا ہے، بطور وزیر اعظم عمران خان نے ملک کو عالمی دنیا میں تنہا کرنے کی کوئی کسر نہیں چھوڑی ، دوست ممالک ناراض ہیں ، عمران خان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے سعودی سربراہ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر دیا ہے تاہم اب وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے بیرون ممالک دوروں اور پالیسی کی وجہ سے عالمی دنیا سے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ وہ پیر کی شام حضرو کے گائوں شاہڈھیر میں پی پی پی تحصیل حضرو کے صدر ملک اقبال خان کے ڈیرہ پر سینئر نائب صدر نصیر جدون کی زیر صدارت کارکنان کے اجلاس سے خطاب اور معروف صحافی ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان کی رہائشگاہ پر ان کی پھوپھی کی وفات پر تعزیت کے موقع پر خصوصی گفتگو کررہے تھے۔ پی پی پی ضلع اٹک کے صدر سردار اشعر حیات خان ، امیدوار قومی اسمبلی سردار ذوالفقار حیات خان ، صدر پیپلز لیبر بیورو تحصیل حضرو ملک شعیب خگوانی ، سٹی صدر ساجد محمود اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عمران خان کا الیکشن کرانے کا مطالبہ فضول ہے کیونکہ انہوں نے الیکشن ہار کر پھر سڑکوں پر ہونا ہے اس لئے الیکشن پر بھاری خرچ کرنے کی بجائے وہ اسی طرح سڑکوں پر بہتر ہیں کیونکہ ان کا مقدر اب یہی سڑکوں پر ذلت اٹھانا ہے ۔ سردار سلیم حیدر خان نے اے پی پی سے گفتگو میں مزید کہا کہ میرا ایمان ہے کہ پاکستانی افواج کی وجہ سے ملک قائم ہے ۔ انڈیا ، اسرائیل ، امریکہ اور بیرونی طاقتیں اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت کو کمزور کرنے اور بلوچستان ، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر کو پاکستان سے الگ کرنے کیلئے عرصہ دراز سے کوششوں میں ہیں لیکن انہیں  منہ کی کھانی پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کا دفاع ہو یا دہشتگردی کا خاتمہ ، زلزلہ سیلاب ہو یا کوئی بھی آفت یا مشکل گھڑی ہمیشہ پاک فوج ہی آگے آگے نظر آتی ہے ۔