ملتان:سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کی عمارت کا منصوبہ  تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن

19

ملتان، 14نومبر(اے پی پی ): سول سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا منصوبہ  تیزی کے ساتھ تکمیل کی طرف گامزن ہے۔سیکرٹریٹ کے گراونڈ فلور کا گرے سٹرکچر مکمل لیا گیا ہے جبکہ فرسٹ اور سیکنڈ فلور پر کام جاری ہے،ائر کنڈیشنڈنگ اور وائرنگ کے لئے ڈکٹنگ کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے۔

ایڈیشنل چیف سکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے زیر تعمیر سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے زیر تعمیر بلڈنگ کے مختلف حصے دیکھے اور تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ثاقب ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اس خطے کی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ تمام ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز کے دفاتر ایک بلڈنگ میں قائم ہونے سے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا جبکہ سول سیکرٹریٹ کی عمارت کا ڈیزائن تمام ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے سیکرٹریٹ کے بیرونی گیٹ کے ساتھ وسیع گرین بیلٹ قائم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ منصوبے کے کنسٹرکشن پلان پر سو فیصد عمل کیا جائے۔

آئی ڈیپ کے پراجیکٹ منیجر نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 504 کنال رقبہ پر تعمیر ہونیوالے سول سیکرٹریٹ کے منصوبے پر3 ارب60 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں،سرکاری افسران کی 6 رہائش گاہوں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبہ ٹائم شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور اگست 2023 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران اور آئی ڈیپ کے حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔