فیصل آباد، زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلہ میں چکنمبر 125 گ ب میں کسانوں کی تقریب منعقد

20

فیصل آباد، 3 نومبر ( اےپی پی): حکومت پنجاب کی ہدایت پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور محکمہ زراعت توسیع کی باہمی شراکت کے تحت جاری زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلہ میں آج چکنمبر 125 گ ب میں کسانوں کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے خصوصی شرکت کی ۔ اس تقریب میں کسانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع جڑانوالہ محمد رضوان عامر خان نے کاشتکاروں کو محکمانہ پالیسیوں اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور سفاررشات کے بارے  آگاہی دی۔ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کو گورنمنٹ کے طے شدہ نرخوں پر کھادوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے اور تحصیل بھر سے کھادوں کے نمونہ جات لئے جا رہے ہیں تاکہ معیاری کھادوں کی دستیابی یقینی بنائی جا سکے ۔ڈاکٹر غلام مرتضی ڈائریکٹر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،   ڈاکٹر نوید اسسٹنٹ پروفیسر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد و دیگر مقررین نے مذکورہ مہم کے مندرجات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر اقرار احمد خاں کا کہنا تھا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تیس ہزار طلباء محکمہ زراعت کے شانہ بشانہ پنجاب بھر میں اس مہم کو جاری رکھے ہوئے ہیں تا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کر کے ملک کو خود کفیل بنایا جائے ۔  کاشتکاروں نے محکمہ زراعت توسیع اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کاوشوں کو خوب سراہا ۔