مری،13نومبر(اے پی پی): سی پی اوسید شہزاد ندیم بخاری کی زیر صدارت ڈی پی اوآفس مری میں برفباری موسم کے حوالے سے میٹنگ منعقد ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ یوسف، ایس ڈی پی او سردار اظہر،ڈی ایس پی ٹریفک ،انچارج 1122اورانچارج ہائے ویزکے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں تمام اداروں کے نمائندگان نے اپنے اپنے انتظامات واقدامات کے حوالے سے بریف کیا۔ سی پی اوراولپنڈی نے برفباری کے آغاز سے پہلے تمام انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔
سی پی اوسید شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ ٹریفک کے انتظامات کو فول پروف بنایا جائےگا،تمام محکموں کی باہمی رابطہ سے سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے اپنے اپنے شعبہ میں بہترین سروس فراہم کرنی ہے، موسم کے حالات کے پیش نظر بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
سی پی اوسید شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ پولیس،ضلعی انتظامیہ،ہائے ویز اورریسکیو سمیت تمام ادارے چوبیس گھنٹے سروس فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ برفباری کے موسم سے پہلے تمام ادارے اپنے نظام کو ری چیک کریں تاکہ مسائل کا بروقت حل ہوسکے۔
سی پی اوسید شہزاد ندیم بخاری نے کہا کہ مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر تمام علاقوں میں فوری رسپانس کا نظام وضع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل ایسوسی ایشن سے میٹنگ کرکے سیاحوں کے قیام کو آسان بنایا جائے،سیاحوں کے محفوظ اورخوشگوار سفر کویقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔











