مری میں سیاحوں کی سہولت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں؛ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر 

41

مری ،03 نومبر (اے پی پی ):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمدحسن رانجھ نے کہا ہے کہ ملکہ کوہسار مری وطن عزیز کااہم ترین سیاحتی مقام ہے، برفباری کے دوران ملک اوربیرون ممالک سے آنیوالے سیاحوں اورمقامی لوگوں کی سہولت کیلئے فول پروف انتظامات کئے جارہے ہیں جبکہ سیاحوں کو ہرقسم کاتحفظ فراہم کیاجائیگا۔

ان خیالات کااظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمدحسن رانجھا نےبرفباری کے حوالے سےمنعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ محمدیوسف اورایس ڈی پی اومری سرکل سرداراظہر بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اجلاس میں برفباری کے دوران تمام محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔میونسپل کارپوریشن مری میں مرکزی کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کریگا جبکہ تمام سنو پوائنٹس پر بھی کنٹرول روم قائم کئے جائینگے تاکہ موقع پر ہی مسائل کو حل کیاجاسکے، تمام سرکاری محکموں اورمری کے سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پریکجا ہوکر اپناکردار اداکرنا ہوگا ۔

اے ڈی سی مری،اے سی مری اورڈی ایس پی مری نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کے2 دو فوکل پرسن مقررکئے جائینگے،مری کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر سیاحوں کی آگاہی کیلئے فورس مقرر کی جائیگی اورآگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ گلیات کے راستوں کو کھلارکھنے کیلئے بھی بات چیت کی گئی ہے،امن وامان اورسیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے اضافی پولیس نفری بھی تعینات کی جائیگی جبکہ ایف ایم ریڈیو پر بھی سیاحوں کو ہدایات جاری کی جائیں گی،مری میں سترہ میل کے مقام پر ٹریفک کو کسی صورت نہیں روکاجائیگا۔

اے ڈی سی مری احمدحسن رانجھا نے کہا کہ برفباری کے سیزن سے قبل تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ تمام محکموں کو قبل ازوقت تیاریاں مکمل کرنے کاٹاسک دے دیاگیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کے کسی بھی سیاح کو مری آنے سے نہیں روکا جائیگا، انتظامی امور کو بہتر بناکر سیاحوں کو برفباری سے لطف اندوز ہونے کے مواقع فراہم کئے جائینگے۔

 انہوں نے کہا کہ جو محکمہ بھی غفلت یا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرینگا، اسکے خلاف سخت ایکشن ،ہم سب کو ایک دوسرے سے تعاون کرینگے تاکہ برفباری سے کوئی مسائل پیدا نہ ہو۔

اجلاس میں متعلقہ سرکاری محکموں میڈیکل سپریٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکواٹر ہسپتال مری ڈاکٹر عبدالسلام عباسی، ہائی وے مری کے ایس  او،سٹی ٹریفک پولیس کے اجمل ستی،موٹروے پولیس کے افسران،پنجاب پولیس،ٹورازم سکواڈ کے زاہد اقبال انکی ٹیم،ریسکیو1122 مری،مرکزی انجمن تاجران مری کے صدرراجہ طفیل اخلاق،ہوٹل ایسوسی ایشن مری کے صدر حاجی خلیل احمد،،محکمہ واپڈا،مری ،محکمہ جنگلات،محکمہ سوئی گیس مری سمیت مری کے تمام سرکاری اداروں کے سربران اورعملے نے خطاب کرتے ہوئے اپنی تجاویز دیں۔