ملتان؛ سرکاری سستے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت مانیٹرنگ کا آغاز، مختلف علاقوں میں کارروائی

4

ملتان، 16 نومبر (اے پی پی ): شہر اولیاء میں سرکاری سستے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کیلئے سخت مانیٹرنگ کا آغاز ہوگیا ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا  کیجانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے اور ہول سیل پوائنٹس سے نجی مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی بوریاں پکڑی گئیں۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے غیر قانونی سپلائی پر حافظ فلور ملز کا کوٹہ معطل کردیا ۔انہوں نے کہا کہ پکڑا گیا سرکاری آٹا گھنٹہ گھر سیل پوائنٹ پر سستے داموں فروخت کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری آٹے کی خورد برد پر فیضان فلور ملز کا کوٹہ بھی معطل کر کے 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ آصف رضا نے کہا کہ سیکرٹری فوڈ نادر چٹھہ کی ہدایت پر ڈویژن میں سخت ناکہ بندی جاری ہے،فلور ملز کو مقررہ کوٹے کے تحت سیل پوائنٹس پر آٹے کی سپلائی کا پابند کیا ہے۔