ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے تمام شعبوں کی کارکردگی کو موثر بنانے کا فیصلہ

26

ملتان 22 ،نومبر(اے پی پی ):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے تمام شعبوں کی کارکردگی کو موثر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور لینڈ فل سائیٹ،ویسٹ ٹو انرجی کے منصوبےاور ہیڈ آفس اور پارکنگ یارڈ کے لئے کمپنی کی ملکیتی زمین  حاصل کرنے کے لئے  ورکنگ کا آغاز کردیا گیا ہے۔کمپنی میں ورکرز کی حاضری اور گاڑیوں کی فیولنگ چیک کرنے کے لئے ویجلنس کمیٹیاں تشکیل دینے کے لئے احکامات بھی جاری کردئے گئے ہیں۔ یہ احکامات چئیرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی آدم سعید راں اور سی ای او حق نواز چوہان کی زیر صدارت اجلاس میں جاری کئے گئے۔اجلاس میں کمپنی انتظامیہ کے ایگزیکٹیوز نے شرکت کی۔ کمپنی کے چئیرمین  آدم سعید راں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نئی لینڈ فل سائیٹ کی خریداری کا عمل شروع کیا جائے اور  ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کے لئے ورکنگ پلان تیار کیا جائے۔انہوں نے بوسیدہ کنٹینرز کو مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ نئے کنٹینرز کی خریداری کے مقابلے میں کنٹینر کی مرمت پر ایک چوتھائی فنڈز خرچ ہوتے ہیں۔ آدم سعید راں نے کہا کہ کمپنی کے تمام اثاثوں کا سٹاک رجسٹرد تیار کیا جائے اور کنٹینرز، ڈسٹ بن اور ہاتھ ریڑھی پر کمپیوٹر نمبر لگائے جائیں جبکہ کسی بھی آئٹم کی چوری کی صورت میں باقاعدہ انکوائری کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ چئرمین ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے کہا کہ ہرسطح  پر مانیٹرنگ کا موثر نظام ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں ورکرز کی حاضری ڈیوٹی کےدوران دو بارچیک کی جائے اور گاڑیوں کو فیول فراہم کرنےکے میکانزم پر  خصوصی چیک رکھا جائے اور ورکرز کی حاضری اور گاڑیوں کی فیولنگ چیک کرنے کے لئے ویجیلنس  کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی حق نواز چوہان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر اولیاء کی صفائی ستھرائی ان کی اولین ترجیح ہے اور انہوں نے  یہ عہدہ چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پریکٹیکل آدمی ہیں اور عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ہر شعبےبمیں شفافیت لائی جائے گی اور کرپشن کی شکایت پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔حق نواز چوہان نے کہا کہ کمپنی ایگزیکٹیوز مسائل کے حل کے لئے ٹھوس تجاویز تیار کریں اور  ترجیحات کا تعین کریں۔انہوں نے کہا کہ نئی مشینری کی خریداری کے بغیر صاف ستھرا ملتان کا ٹارگٹ حاصل نہیں کیا جاسکتا اس لئے نئی مشینری کی خریداری کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔سی ای او نے ہدایت کی ہاتھ ریڑھی اور کنٹینرز کی مرمت کے لئے کمپنی کا ویلڈنگ پلانٹ فعال کیا جائے۔کمپنی سیکرٹری کبیر خان نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ چیف انٹرنل آڈیٹر آصف طاہر، منیجر فنانس ساجد ریاض،منیجر ہیومن ریسورس عقیل احمد، منیجرپروکیورمنٹ آصف شبیر ،منیجر لینڈ فل سائیٹ فہمیم خان لودھی،منیجرآپریشنز انوارالحق،منیجر ایم آئی ایس عمران خان اور منیجر ورکشاپ حسن امجد نے اجلاس میں  شرکت کی۔