ملتان،25 نومبر(اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سیکٹر- M-5, I موٹروے سنٹرل 2 زون کا نجی کمپنی میں سٹاف اور ڈرائیورز کو روڈ سیفٹی لیکچر، اس موقع پر ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا کہ اوور سپیڈنگ اور لین وائلیشن کرنا نہایت خطرناک اور جان لیوا ہے۔
سب انسپکٹر حسان ملک نے کہا کہ محفوظ ڈرائیونگ کرکے ہم سب اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔
انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کی ویژن، زونل کمانڈر/ڈی آئی جی موٹروے سنٹرل 2 زون شاہد جاوید اور سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کے احکامات کی روشنی میں موٹروے پولیس کی جانب سے فاطمہ فرٹیلائزرز لمیٹڈ میں سٹاف اور ڈرائیورز کو روڈ سیفٹی لیکچر دیا گیا جس میں شرکاء کو موٹروے پر سفر کے دوران احتیاطی تدابیر بارے آگاہ کیا گیا۔روڈ سیفٹی لیکچر میں ڈی ایس پی مسرور علی اور روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ انچارج سب انسپکٹر حسان ملک سمیت فاطمہ فرٹیلائزرز لمیٹڈ کے یونٹ مینیجر ساجد منظور، ہیڈ آف ٹیکنیکل ڈیپارٹمنٹ فیصل جمال، یونٹ مینیجر پاک عرب فرٹیلائزرز سید محمد علی اور سیکشن ہیڈ عدنان علی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ شرکاء سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا کہ تمام ڈرائیور حضرات ڈرائیونگ کرتے وقت لین وائلیشن سے اجتناب کریں، مقرر کردہ لین میں گاڑی چلائیں اور اوورسپیڈنگ ہرگز نا کریں ۔اب تک بہت سی قیمتی جانیں روڈ حادثات میں ضائع ہو چکی ہیں، اس کے علاوہ سٹاف سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرائیورز کی ڈرائیونگ مہارتوں کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں ۔ایسا کرکے مزید ہولناک حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
روڈ سیفٹی آگاہی یونٹ انچارج سب انسپکٹر حسان ملک نے کہا کہ محفوظ ڈرائیونگ کرکے ہم سب اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں موٹروے M-5 کے تمام ٹال پلازہ جات پر گاڑیوں کو احتیاطی تدابیر بارے بریفنگ دی جاتی ہے اور معلوماتی پمفلٹ بھی تقسیم کیے جاتے ہیں۔ نجی کمپنی کی عہدیداران نے موٹروے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔











