وزیراعظم   شہباز شریف نے آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی  تقرری میرٹ پر کی؛سردار سلیم حیدر

10

اٹک، 26 نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس آف سٹاف کی  تقرری میرٹ پر کی  ہے ۔

  ان خیالات کا اظہار انہوں نے کامرہ میں کاروباری مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب ومیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔   انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کے بعد جھوٹ کا بیانیہ اور ڈرامہ ختم ہو چکا ہے ۔ عمران خان کو بولنے کا   بہت شوق ہے  ، وہ دن میں 10بار تقریریں کرنے اور بولے بغیر نہیں رہ سکتے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کے یہ حالات ہیں کہ گورنمنٹ بوائز شجاع خانزادہ ایسوسی ایٹ کالج حضرو میں 600طلباء کیلئے صرف چار ٹیچرز ہیں، باؤنڈری وال دو سالوں سے گری پڑی ہے، طلبہ کیلئے پینے کا پانی اور دیگر سہولیات نہیں، عمران خان کے وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی ایک کالج کو  تو ٹھیک نہیں کر سکے پورے صوبے کا کیا حال کر دیا ہوگا،جان بوجھ کر طلباء کو تعلیم سے دور رکھا جا رہا ہے تاکہ نوجوان ناخواندہ  رہ جائیں ۔

 سردار سلیم حیدر خان نے  کہا کہ عمران خان کے مارچ  کے حوالے سے  انتظامات   ان کے اپنے وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں  نے کہا کہ عمران خان جس نوجوان نسل کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کررہا ہے، چار سال کے اقتدار میں انہیں کونسا روزگار فراہم کیا یا ان کے حقوق کیلئے کیا کارنامہ انجام دیا ہے؟۔35پنکچرز سے لیکر ہر ادارے کو نشانہ بنا کر ہیجانی کیفیت پیدا کرنے تک اور چوہدری پرویز الہٰی کو پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہنے سے انہیں اسی پنجاب کا وزیر اعلیٰ بنانے تک اور پھر شیخ رشید کو چپڑاسی نہ رکھنے کے بیان سے ہٹ کر انہیں وزیر داخلہ اور صلاح کار بنانے تک عمران خان    کی دماغی حالت ٹھیک نظر نہیں آتی ۔

اس موقع پرچیئرمین چھچھ محافظ کمیٹی نثار علی خان، پیپلز پارٹی ضلع اٹک کے صدر سردار اشعر حیات خان، نائب صدر نصیر خان جدون، امیدوار قومی اسمبلی سردار ذوالفقار حیات خان، واجد خان، بدر زمان خان، ساجد محمود، ملک اقبال خان، حاجی آصف اجمل اعوان، معروف شخصیت ملک امداد حسین اعوان، آفتاب خان، عبدالقادر خان سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

 سردار سلیم حیدر خان نے خگوانی میں اپنے دیرینہ ساتھی ملک شعیب خان کی صاحبزادی کی شادی میں شرکت کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔