اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی اور پاک فوج کے پیشہ وارانہ اور قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آرمی چیف کا منصب سنبھالنے پر انہیں مبارکباد دی۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے آرمی چیف بننے پر قوم خوش ہے، عوام اور فوج کے درمیان اعتماد اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ جیسے قابل افسر کی قیادت ادارے کی پیشہ وارانہ ترقی کو مزید بہتر بنانے میں اہم ثابت ہوگی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔آرمی چیف کا منصب سنبھالنے کے بعد جنرل سید عاصم منیر کی وزیراعظم سے یہ پہلی ملاقات تھی۔











