لاہور،18نومبر (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پانچ ہزار سے زائد سیلاب متاثرین میں 12ارب روپے کی تقسیم کا پروگرام اپنی مثال آپ ہے، سیلاب کے دوران ریسکیو1122نے بلاامتیازلوگوں کی مدد کی۔پنجاب کے ریسکیو1122جیسے مثالی ادارے کی تمام صوبے تقلید کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی کابینہ نے دو ماہ میں سالوں کا کام کرنے اور فلڈریلیف پروگرام کی کامیابی پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فلڈ ریلیف پروگرام پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایس ایم بی آر زاہد زمان اختر،ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید اورساری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے اورخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلی پرویزالہی نے کہاکہ سندھ میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اوروہ لوگ سیاست کے سوا کچھ نہیں کررہے۔ہم نے ایک ارب روپیہ سندھ کے لئے فلڈ ریلیف کا رکھا ہے۔صوبائی کابینہ نے پنجاب میں شوگر ملوں کو 25نومبر سے کرشنگ شروع کرنے کا پابند کردیا۔صوبائی کابینہ نے گنے کی سپورٹ پرائس 300 روپے فی من کرنے کی منظوری دے دی۔احساس راشن رعایت پروگرام میں بینک آف پنجاب کو بھی شامل کرنے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ پرویزالہی ٰنے کہاکہ صوبائی کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ضابطہ کار کی منظوری دے دی۔پنجاب میں الیکٹرک رکشے چلانے کااصولی فیصلہ کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ الیکٹرک گاڑیوں کو ٹیکسز کی مد میں 50فیصد تک رعایت دیں گے۔ اجلاس میں پنجاب پولیس کی 3ہزار خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی۔پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کامران خان کے کنٹریکٹ میں دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی۔ہواوے سے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے مفاہمتی معاہدے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
وزیراعلی پرویزالہی نے کہا کہ کابینہ نے ایل ڈی اے ٹریبونل کے صدر کی تعیناتی، سرگودھا اوربہاولپورکومتعلقہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سٹی ایریا قرار دینے،پنجاب ڈرگ رولز میں ترمیم،صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈکی ری ویمپنگ، پنجاب کمیشن آن سٹیٹ آف وویمن کی سالانہ رپورٹ،حکومت پنجاب کے اکائونٹس کے بارے میں آڈٹ رپورٹس،پبلک سیکٹر انٹرپرائز گورنمنٹ آف پنجاب آڈٹ اکانٹ کے آڈٹ،چیئرمین زکو وعشر کونسل کی تعیناتی کے قواعد و ضوابط،قائداعظم لائبریری شیڈول ریگولیشن1984میں ترمیم،پنجاب پبلک لائبریری جنرل ریگولیشن2012میں ترمیم،قائداعظم بزنس پارک کے کنٹریکٹ کے ازسرنو جائزہ لینے اورروڈا کے سابق چیئرمین کو3ماہ کے نوٹس پیریڈ کی تنخواہ کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔کپیسٹی بلڈنگ آف پی اینڈ ڈی برائے پالیسی پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ آف ڈویلپمنٹ پراسس ان پنجاب کے11 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔
صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











