پاکستان اور کرغزستان کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں؛ انجینئر امیر مقام                                   

15

 اسلام آباد، 2 نومبر(اے پی پی ): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص سیاحت کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار  مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے بطور مہمان خصوصی تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے حوالے سے منعقدہ   تقریب سے  خطاب میں کیا۔ کرغیز جمہوریہ کے سفارت خانے نے وزارت قومی ورثہ اور ثقافت اور تعلیمی مشیر پرائیویٹ لمیٹڈ برائے تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے ساتھ مشترکہ طور پر اس تقریب  کا اہتمام کیا۔

   انجینئر امیر مقام  نے اس تقریب کو دونوں ممالک کی ثقافتی مماثلت اور سیاحت کو سمجھنے کا موقع قرار دیا۔ انہوں نے  کہا کہ کرغزستان کا اتنی بار دورہ کیا ہے کہ انہیں وہ ان کا دوسرا گھر   لگتا ہے،  کرغزستان  بہت خوبصورت ہے اور وہ  سب سے کہتے ہیں  کہ اپنی زندگی میں ایک بار ضرور وہاں  کا دورہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کرغزستان کی عوام سے بھی یہی توقع رکھتے ہوں  کیونکہ پاکستان بھی قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے ، شمال میں پہاڑوں کے سلسلے سے لے کر خوبصورت ساحلی خطے تک، پاکستان قدرتی خوبصورتی سے بھرا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کو  پختہ یقین ہے کہ سیاحت امن کو فروغ دینے اور دہشت گردی سے لڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔

  پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نےاس موقع  پر پاکستان میں سیاحت کے امکانات اور سیاحت کے فروغ کے لیے حکومت کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔  انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ ثقافتی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی

 اس موقع پر سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت فارینہ مظہر اور پاکستان میں کرغزستان  کے سفیر بھی موجود تھے۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے کرغزستان پاکستان دوطرفہ تعلقات کے لیے اس طرح کی تقریبات کے انعقاد کی اہمیت پر زور دیتے ہو ئے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوستی کا رشتہ  ہے۔اور اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے سے یہ رشتہ مزید گہرا ہوگا۔