پاکستان ریلوے اور ٹیلی مارکس کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ڈیجیٹل نظام انٹرپرائز ریسورس پلاننگ کے نفاذ کے معاہدے پر دستخط، پاکستان ریلوے کے امور کی ادائیگی میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے، خواجہ سعد رفیق

10

اسلام آباد۔29نومبر  (اے پی پی):پاکستان ریلوے اور ٹیلی مارکس کنسلٹنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ڈیجیٹل نظام انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی) کے نفاذ کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔اس موقع  پر خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے کے امور کی ادائیگی میں ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ریلوے کے انتظامی و مالی امور کو ڈیجیٹائز کرنے کا خواب پورا ہونے کو ہے،پاکستان ریلوے کو مینول سے ڈیجیٹائز کرنا نہایت ضروری تھا، ای آر پی کے استعمال سے کام میں جدت، شفافیت اور براہ راست مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، مسافروں کو جدید سہولیات مہیا کرنے کے لئے اس نظام کی اشد ضرورت تھی۔ای آر پی سسٹمز کے ذریعے نہ صرف وقت کی بچت ہو گی بلکہ وسائل کا ستعمال بھی کم ہو گا۔اس اقدام کی بدولت پاکستان ریلویز کو بہتر فیصلہ سازی کرنے کا موقع ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آپریشنل کارگردگی میں بہتری آئیگی، آمدن و اخراجات کی براہ راست مانیٹرنگ کی جاسکے گی اورہر قسم کے ٹینڈرز شفاف طریقے سے کئے جا سکیں گے۔ملازمین کے سروس معاملات کو بہتر انداز میں پرفارم کیا جاسکے گا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کے ریکارڈ  کو کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں، پاکستان ریلویز انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔