اوکاڑہ،22نومبر(اے پی پی):صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت لوگوں کی زندگیوں میں آسانی لانے ،عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے اور علاقائی مسائل کے حل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلا رہی ہے حکومت لوگوں کو بہترین ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی اور سفر کو آرام دہ آسان اور محفوظ بنانے کے لئے تواتر سے اقدامات کر رہی ہے،محکمہ ٹرانسپورٹ کے ساتھ ساتھ انتظامی مشینری کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ مسافروں کو ویگن اسٹینڈ، بس اڈوں پر بہترین سہولیات دستیاب ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کا دورہ کرتے ہوئے،اوکاڑہ جنرل بس اسٹینڈ پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے جنرل بس اسٹینڈ پر صفائی ستھرائی کی صورت حال کو مزید بہتر کرنے ،انسداد ڈینگی ایس او پیز کی پیروی کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آمد رفت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے سیکر یٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی پورے ضلع میں ویگن، بس اسٹینڈ اڈوں پر سہولیات کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ میں مسافروں سے فراہم کی جانے والی سہولیات ، کرایہ، انتظار گاہ میں بیٹھنے کے انتظامات ،پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات سے متعلق دریافت کیا ۔
سیکر یٹر ی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصی غفور نے ضلع میں ویگن اور بس اسٹینڈ اڈوں پر فراہم کی جانے والی سہولیات ،غیر قانونی ویگن بس اڈوں کے خلاف کا روائیوں ، ڈرائیوروں ،مالکان کے تربیتی و آگاہی سیشن سے متعلق بریفنگ دی بعد ازاں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے بس اسٹینڈ میں قائم لنگر خانہ کا بھی دورہ کیا انہوں نے وہاں پر اپنے ہاتھ سے لوگوں میں لنگر بھی تقسیم کیا۔
صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ کے ہمراہ دورے میں قائمقام ڈپٹی کمشنر ظہیر لیاقت بیگ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر آمنہ احسان ،سیکر یٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ غفور، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق ،چوہدری طارق ارشاد،راوَ حسن سکندر، سید گلزار حسین ،میاں علی رضا بوٹی تھے۔











