چار روزہ کرکٹ میچ ، پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 411 رنز کاہدف دے دیا

20

ملتان،6نومبر  (اے پی پی):ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے مابین کھیلے جانے والے چار روزہ میچ  کے تیسرے روزکپتان سعد بیگ اور وہاج ریاض کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کو جیت کے لئے 411 کابڑا ہدف دے دیا۔تیسرے روزپاکستان نے 54 رنز دو کھلاڑیوں کے نقصان پر اپنی دوسری اننگزکاآغاز کیا۔پاکستان ٹیم کے کپتان سعد بیگ اور وہاج ریاض نےجارحانہ بیٹیگ کرتے ہوئے شاندار سنچریاں سکور کیں۔

اس سے قبل بنگلہ دیش اپنی پہلی اننگز میں پاکستان کے 224رنز کے جواب میں 161 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔پاکستان کو پہلی اننگز میں 63 رنزکی برتری حاصل ہو گئی تھی۔دوسرےروز کھیل کے اختتام پاکستان کی 8 وکٹیں بقایا تھیں۔کپتان سعد بیگ اور وہاج ریاض کی 222 رنز کی بڑی شراکت نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا ،پاکستان اپنی دوسری اننگز میں 347 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بنگلہ دیش کو411 کا ہدف دیا۔پاکستان کی جانب سے  وہاج ریاض نے 172 گیندوں پر 117 بنائے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

کپتان سعد بیگ نے 134 گیندوں پر 18 چوکوں اورایک چھکےکی مدد سے 117 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔حسیب ناظم نے 53 جبکہ محمد ابتسام 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بنگلہ دیش کی جانب سے شہاب جیمز سب سے کامیاب بولر رہے انہوں نے 24 رنز کے عوض4 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی،روہانت بورسن اور محفوظ الرحمان ربی نے 2،2 جبکہ معروف مریدا اور جیشان عالم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 60 رنز بنائے، شہریار ثاقب اور محمد سوہاگ  بلترتیب 29 اور 19 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں، چوہدری رضوان 10 رنز بنا کر محمد اسماعیل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ آخری روز بنگلہ دیش کو 411 رنز کے ہدف کے تعاقب میں351 مزید رنز درکار ہیں ان کی 9 وکٹیں باقی ہیں۔