کوٹ ادو،20نومبر(اے پی پی): نجی سکول میں سالانہ انٹر ہاؤس سپورٹس گالا کا انعقاد ہوا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کیپکو کمپنی کے ڈائریکٹر اصغر انجم تھے۔ سپورٹس گالا کے مقابلے چار ہاوسز گرین، ریڈ، بلیو اور ییلو کی ٹیموں کے درمیان ہوئے ،جس میں طلباء وطالبات اور انکے والدین نے بھی بھر پور حصہ لیا اور مجموعی طور پر گرین ہاوس نے سب سے زیادہ میڈل لئے۔
پرنسپل رانا عاصم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں سے انکی نصابی سرگرمیوں کا بہترین رزلٹ لینے کے لیے اس طرح کے ایوینٹس کا انعقاد ضرور ہونا چاہیے اور بچے بھی اس وقت بہترین نتائج دیتے ہیں جب انکا ذہن تروتازہ ہو۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد طلباء وطالبات کی غیر نصابی سرگرمیوں کو جلا بخشتا ہے اوریہ ایسا ایوینٹ ہے کہ جس میں طلباء و طالبات کے والدین بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ اس طرح کا بھر پور ایوینٹ کیپکو کی منیجمینٹ کے تعاون کے بغیر نا ممکن تھا انھوں نے میڈل جیتنے والے طلباء وطالبات اور والدین سب کو مبارکباد دی۔
تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر اصغر انجم نے اس موقع پر موجودہ دور میں بچوں کو اپنے آپ کو تندرست وتوانا رکھنے کے لیے سپورٹس میں حصہ لینے کی بھر پور تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ جتنا اپنے آپ کو مثبت غیر نصابی سرگرمیوں میں مصروف رکھیں گے اتنا ہی انھیں بہتر نتائج ملیں گے ۔
آخر میں پرنسپل رانا عاصم نے ایوینٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام سکول منیجمینٹ جس میں ایس ایم فریحہ کاشف،۔میڈم سمی بلوچ اور شہزاد عالمگیر سب کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ شبانہ روز محنت سے ایک کامیاب سپورٹس گالا کا انعقاد ممکن ہوا ۔











