لاہور،19نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکاء نے ملاقات کی۔ وفد میں 12مختلف ممالک سے آئے ہوئے 18زیر تربیت جونیئر سفارتکار شامل تھے ۔جونیئر ڈپلومیٹک کورس کے شرکا ء کا تعلق افریقہ، سینٹرل ایشیائی، سینٹرل امریکا ، یورپ اور ویسٹ افریقی ممالک سے تھا۔وفد کی قیادت ڈائریکٹر پروگرام فارن سروس اکیڈمی عرفان شوکت کر رہے تھے۔
گورنر پنجاب نے وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو حال ہی میں بارشوں کے باعث سیلاب سے وسیع پیمانے پر تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی کاربن اخراج میں کردار 01فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان حال ہی میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوا ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے بعد اب انہیں از سر نو آباد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک بڑا چیلنج اور انہیں نفسیاتی اثرات سے باہر نکالنا ہے۔سیلاب زدہ علاقوں کے بچے سیلاب کے بعد ٹراما سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت سیلاب متاثرین کی بحالی سمیت چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت ان چیلنجز نمٹنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔کورس میں شرکت کرنے والے شرکاء ممالک کے ساتھ وفود کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں سمیت دیگر مذاہب کے مقدس مقامات اور بدھ مت کی یادگاریں موجود ہیں اور ان کا تحفظ و فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے وفد کے شرکاء کو گورنر ہائوس کی تاریخ سے آگاہ کیا جبکہ گورنر پنجاب نے شرکاء کے پاکستان کے سیاسی اور انتظامی امور سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔











