جدہ ، 19نومبر(اے پی پی ):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سابقہ حکومت نے حکومت سے جانے کا غم اس قدر لیا ہے کہ پوری قوم کو ایک دوسرے کا گریبان پکڑا دیا ہے، عمران خان خود اور انکا سوشل میڈیا عوام میں نفرتوں کو جنم دے رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پاکستان قونصلیٹ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ بیرون ملک ہر شخص کی اچھائی یا برائی اسکے ذاتی نام سے نہیں بلکہ اسکے ملک سے پہنچانی جاتی ہے اس لیے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی عرب کے قوانین کا احترام کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا امن و امان کے مسئلے پر حکومت بھر پور کوشش کررہی ہے مگر بدقسمتی سے پنجاب میں اور سرحد میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے وہ مرکز کے خلاف ہر قدم اٹھاتی ہے،مرکزی وزیر داخلہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کرتی ہے جبکہ سیلاب ذدگان کی امداد کیلئے وزیر اعظم کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچارہی ہے جس سے عوام تک مدد نہیں پہنچ رہی جسکا انتظام مرکزی حکومت نے کیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ یہ کون سی ملک سے محبت ہے کہ سیلاب ذدگان کی امداد کے حوالے سے بھی انہوں نے اقوام متحدہ سے لیکر دوست ممالک کو بھی کہا کہ انکی امداد نہ کرو یہ عوام کی نمائندہ حکومت نہیں ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والے کہتے ہیں کہ ملک میں مارشل لاء لگ جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی اس وقت پی ٹی آئی کے ایک وزیر کا کہنا تھا اچھا ہوا ہم سے حکومت چلی گئی ورنہ معیشت کی وجہ سے لوگوں نے ہمیں پتھر مارنے تھے۔
کمیونٹی کے اجلاس میں قونصل جنرل خالد مجید نے وزیر منصوبہ بندی کو کمیونٹی اور قونصلیٹ کی جانب سے خوش آمدید کہا۔











